لاہور، 15جون(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی کی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ یہ سال غیر معمولی نوعیت کا ہے۔ کورونا جیسی وباء نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔پنجاب حکومت کو بھی اس مشکل صورتحال میں ہنگامی اقدامات اٹھانا پڑے ہیں۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں اب تک 54,138 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ تقریباً 17 ہزار مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں اب تک 3 لاکھ 56 ہزار ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔پنجاب میں ٹیسٹ کی صلاحیت 12 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

انھوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 25 ارب روپے فوری طور پر دیئے گئے۔ کورونا سے معیشت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ محاصل اور اخراجات میں عدم توازن پیدا ہوا ہے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ میں نے 20 سے زائد شہروں کے دورے کئے اور مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس میں اضافہ کیلئے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ ٹڈی دل سے فصلوں کو بچانے کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے گئے۔

حکومت نے بروقت اقدامات کرکے کسانوں کو نقصان سے بچایا ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ٹڈی دل کے ایک اور حملے کا خدشہ ہے۔ میں نے اس حملے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سرکاری سطح پر فضول خرچیوں کی پہلے اجازت دی نہ آئندہ دیں گے۔کاروبار میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی۔ 10 برس بعد پنجاب نے گندم کی ریکارڈ خریداری کی ہے۔ہم نے فوڈ سکیورٹی کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔ مشکل گھڑی میں مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔ہمارے مشکل فیصلے صوبے اور عوام کے مفاد کیلئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے دست و بازو ہیں۔اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بجٹ اجلاس کے دوران جاری رہے گا۔اراکین اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

صوبائی پارلیمانی پارٹی کے شرکاء کو بجٹ، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خدو خال کے بارے میں بریفنگ دی گئی شرکاء کو کورونا سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وی این ایس، اسلام آباد