لاہور،08جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پیر کو یہاں  ملاقات کی ، وزیراعلی آفس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال،کورونا صورتحال اور فلاح عامہ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی اور بجٹ اجلاس کو احسن طریقے سے چلانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ  باہمی ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے کیلئے مشاورت کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اسمبلی کارروائی بطریق احسن چلانے اور گستاخانہ کتابوں پر پابندی کے حوالے سے سپیکر چودھری پرویزالٰہی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے پہلے بھی ایک تھے، آئندہ اکٹھے رہیں گے،دونوں جماعتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن ہر آنے والے وقت میں مضبوط سے مضبوط تر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے، ساتھ لیکرچلیں گے،غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی ۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے،ہمارا اتحادپہلے سے زیادہ مضبوط ہے،اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش پوری نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اچھے کاموں کو سراہتے ہیں ہماری پوری سپورٹ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ ہے۔

رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی بھی ملاقات  میں  موجود تھے۔

وی  این ایس،  لاہور