مظفرگڑھ17جون (اے پی پی ): صوبائی مشیر برائے زراعت سردار عبدالحئی خان دستی نے کہا ہے کہ زراعت ہماری ملکی معیشت کا اہم ستون ہے جس کی ترقی، فروغ اور حفاظت کیلئے حکومت پنجاب تمام وسائل برؤے کار لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل ایک آفت ہے جس سے بچاؤ کیلئے انسانی وسائل کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک تعالیٰ سے بھی رجوع کرنا ہوگا، ہمیں اپنی زندگی میں دین کو لانا ہوگااور اپنے اعمال کی اصلاح کرنی ہوگی

یہ بات انہوں نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام ٹڈی دل سے بچاؤ کے سلسلے میں زراعت افسران اور کسانوں کی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت ڈیرہ غازی خان شاہد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت مظفرگڑھ شیخ محمد یوسف الرحمن بھی موجود تھے۔

 صوبائی مشیر زراعت نے کہا کہ حکومت پنجاب ٹڈی دل سے بچاؤ اور اس کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہےوفاقی حکومت، پی ڈی ایم اے، پاک آرمی اور محکمہ زراعت ہمہ وقت اس کے بچاؤ کے لئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے خلاف جاری اس جنگ میں محکمہ زراعت کے ورکرز ہر اول دستہ ہیں ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 انہوں نے سپرے کے دوران شہید ہونے والے محکمہ زراعت کے ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا اورحکومت چین کا بھی شکریہ ادا کیا جس نے ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے نہ صرف بھاری مشینری فراہم کی بلکہ ادویات بھی فراہم کی ہیں۔

تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے فصلات پر اب تک 16ہزار لیٹر ادویات کا سپرے کیا جاچکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جون کے آخراور جولائی کے شروع میں ایران اور افریقہ سے ٹڈی دل کے جھنڈ آ سکتے ہیں جس سے 3ارب ڈالر سے 10ارب ڈالر کے نقصانات کا خدشہ ہے، اس سے بچاؤ کیلئے 37کروڑ ڈالر کی فی الفور ضرورت ہے ۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شیخ محمد یوسف الرحمن، زراعت آفیسر ملک واجد، زراعت آفیسر ملک ناصر، زراعت آفیسر شیخ محمد طلحہ نے ٹڈی دل کے حملے، ٹڈی دل کی افزائش، نقصانات اور اس سے بچاؤ اور موبائل ایپ کے استعمال کے بارے میں معلومات فراہم کیں، تربیتی ورکشاپ میں اعظم بلوچ، ضلعی بھر کے زراعت آفیسر،ورکرزاور کاشکاروں کے کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وی این ایس، مظفرگڑھ