صوبہ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں: سیکرٹری محکمہ خوراک

صوبہ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے، آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں: سیکرٹری محکمہ خوراک

پشاور، 15جون(اے پی پی): سیکرٹری محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نثار احمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر احمد نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹے کا بحران نہیں ہے بلکہ مارکیٹ میں وافر مقدار میں آٹا موجود ہے جبکہ محکمہ خوراک کے افسران وقتاً فوقتاً مارکیٹوں میں جاکر آٹے کی فراہمی سے متعلق آگاہی حاصل کر نے سمیت آٹے کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر وحید یوسف نے شہر کے مختلف مارکیٹوں اور خصوصاً رامپورہ گیٹ پشاور کا دورہ کیا اور مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی   کے بارے میں  آگاہی حاصل کی جہاں پر آٹا ڈیلروں نے آٹے کے بحران سے متعلق افواہوں کو رد کرتے ہوئے  کہا کہ مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں موجود ہے جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو بلا ناغہ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی جانب سے گندم کی ترسیل بند کی گئی تھی جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کے احکامات کے بعد صوبے کو گندم کی ترسیل شروع ہو گئی ہے ، جگہ جگہ ناکے بھی ختم کردیئے گئے ہیں جس کے بعد قیمتوں کو اعتدال پر لایا گیا ہےجبکہ  اس میں مزید کمی لائی جائیگی جس کے تحت بہت جلد شہریوں کو سرکاری نرخ کے مطابق آٹے کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی ۔

 ا نہوں نے کہا کہ کہیں بھی شہریوں کو اشیائے خوردونوش سے متعلق مسئلہ درپیش ہو تو وہ شکایات سیل پر رابطہ کریں ان کو درپیش مسئلہ فوری طور پر حل کیا جائیگا۔

وی این ایس ،پشاور

 

APP Services