ملتان،17جون )اے پی پی ): کوروناوائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ملتان شہر کے تین اضلاع کو سمارٹ لاک ڈاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شاہ رکن عالم کالونی،نیو ملتان اور ایم ڈی اے چوک کے ایریاز میں سمارٹ لاک ڈاون کی تجویز حکومت پنجاب کو ارسال کردی۔
سفارشات بھجوانے کا فیصلہ رپورٹ ہونیوالے کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں کیا ۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ ان ایریاز میں 14 دن کے لئے سمارٹ لاک ڈاون کیا جائے گا ، سمارٹ لاک ڈاون کے لئے پولیس کی خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ ایک ڈاکٹر اور لیڈی ڈاکٹر پر مشتمل موبائل یونٹ کی خدمات ایریا کے رہائشیوں کو حاصل ہونگی ،اس ایریا کا رہائشی کوئی بھی فرد ہیلتھ موبائل ٹیم کو فون پر طلب کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال اور حکومت پنجاب کی طرف سے کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھا دی گئی ہے،مشتبہ مریضوں کے زیر التواء رزلٹ آنے کے بعد دیگر علاقوں کے لاک ڈاون کا فیصلہ کیا جائے گا ،شہر کے 39 ایریاز کو لاک ڈاون کرنے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کوروناوائرس کا مقابلہ خوف و ہراس پھیلا کر نہیں بلکہ دانشمندی سے کرنا ہے، ضلعی انتظامیہ کورونا سے بچاو بارے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں برتے گی اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے افسراں کو یونین کونسلز کی سطح پر ایریاز الاٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وی این ایس،ملتان