اسلام آباد، 11 جون (اے پی پی ): ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان نے آئندہ بجٹ اور ملک میں کورونا کی صورت حال پر اظہار خیال کیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ برائے ٹیکنیکل و مینجمنٹ سائنسز بل 2020ءپیش کیا، پارلیمانی سیکرٹری خزانہ زین قریشی نے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ پر عملدرآمد کے بارے میں پہلی ششماہی جولائی تا دسمبر 2018ءنگرانی اور نیشنل فنانس کمیشن (این ایف ایس) ایوارڈ پر عملدرآمد کے بارے میں دوسری ششماہی جنوری تا جون 2019ءنگرانی کی رپورٹیں پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب میں مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ حالات کی وجہ سے ملکی معیشت سکڑ رہی ہے جس سے عوام کے روزگار اور طرز زندگی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، کراچی کا استحکام پاکستان کا استحکام ہے، اس شہر پر بھی حکومت کو توجہ دینی چاہیے، نجی تعلیمی ادارے کھول کر ان سے وابستہ 25 سے 30 لاکھ خاندانوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے
جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدارتی خطاب پر تحریک تشکر کی بحث جاری رہی۔ قومی غذائی تحفظ کے وفاقی وزیر سید فخر امام نے ٹڈی دل کے حوالے سے بحث سمیٹی اور ایجنڈے کی معمول کی کارروائی نمٹائی گئی جس کے بعد ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے قومی اسمبلی کا اجلاس قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کردیا۔
وی این ایس، اسلام آباد