پشاور، 16جون(اے پی پی): کپیٹل سٹی پولیس آفیسر محمد علی گنڈا پور نے سٹی پٹرولنگ فورس پشاور کی استعداد کار اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی خاطر ان کو جدید اپڈیٹڈ موبائل فونز فراہم کر دئیے۔
سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کو فراہم کئے جانے والے جدید موبائل فونز کے ذریعے جوانوں کو ایپ کے ذریعے ملنے والے کوارڈینیٹس اور لوکیشنز فوری مل سکیں گے جس پر جوان بروقت امداد کے طلبگار شہریوں تک پہنچ سکیں گے، اسی طرح جدید زوم ایپ بھی شروع کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے بیک وقت ایک سو ٹیمیں ویڈیو کانفرنس کر سکیں گے۔
اس موقع پر ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ عثمان خان نے سی سی پی او محمد علی گنڈا پور کو سٹی پٹرولنگ فورس کے قیام، کارکردگی اور بطور فرسٹ ریسپانڈرز کردار ادا کرنے پر تفصیلی بریفنگ دی جس پر سی سی پی او نے کہا کہ سٹی پٹرولنگ فورس کے جوان نہ صرف امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے بلکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں مسیحا کا کردار ادا کرتے ہوئے زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے بروقت ہسپتال منتقلی میں بھی پیش پیش رہتے ہیں جس کی مثال ملک بھر میں کہیں نہیں ملتی۔
انہوں نے سٹی پٹرولنگ فورس کی افادیت کا ادراک کرتے ہوئے واضح کیا کہ سٹی پٹرولنگ فورس کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے سے فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو جدید موبائل فونز فراہم کئے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سٹی پٹرولنگ فورس نے اب تک 6 ہزار تین سو سے زائد ایمرجنسی کالز موصول کر کے ان کو ریسپانڈ کیا ہے جبکہ پشاور کے مختلف مقامات پر حادثات کے شکار 7 ہزار 7 سو سے زائد افراد کو ابتدائی طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا، اسی طرح 14 ہزار سے زائد افراد کی مدد بھی کی جو سٹی پٹرولنگ فورس کی افادیت و اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔
وی این ایس، پشاور