لاہور 16 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں ملتان کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے اپنے علاقوں کے مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں تجاویز دیں۔وزیراعلیٰ نے ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کی سکیموں اورحلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔اراکین اسمبلی نے مشکل ترین حالات میں بہترین اورریلیف بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدارکو مبارکباددی۔اراکین صوبائی اسمبلی نے جنوبی پنجاب کیلئے ترقیاتی فنڈز کی رنگ فنسنگ پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے لئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں -جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اورایڈیشنل آئی جی کی پوسٹوں کی منظوری دی جاچکی ہے۔جنو بی پنجاب سیکرٹریٹ جلد فنکشنل کردیا جائے گا۔جنوبی پنجاب کے رہنے والوں کو اپنے کام کے سلسلے میں لاہورنہیں آنا پڑے گا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے-سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے-سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا-جنوبی پنجاب کو اس کی ترقی کا حق واپس دے رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا-منتخب نمائندوں کی عزت میری عزت ہے-اراکین اسمبلی کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے-وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اختر ملک،محمد سلیم اختر،ملک واصف مظہرراں،میاں طارق عبداللہ،قاسم عباس خان،سبین گل خان اورپارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی شامل تھے۔

 

وی این ایس، لاہور