کراچی ، 17 جون (اے پی پی):  وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران صوبائی اسمبلی سندھ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی  ہے جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر بحری امور سید علی زیدی اور معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر بھی موجود تھے۔

اراکین اسمبلی نے وزیر اعظم کو سندھ آمد پر خوش آمدید کہا اور حالیہ بجٹ تجاویز، کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے اجرا پر انہیں بھر پور خراج تحسین پیش کیا۔اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کے عوامی خدمت پی ٹی آئی حکومت کا اولین مشن ہے۔

انہوں نے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں عوامی مسائل کاحل یقینی بنانے میں متحرک کردار ادا کریں۔ اراکین اسمبلی نے وفاق اور صوبے کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

 وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں  میں ممبران صوبائی اسمبلی عمر عماری، ڈاکٹر سید عمران علی شاہ، ارسلان تاج حسین، بلال احمد، سید فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ، جمال الدین صدیقی، کریم بخش گبول، محمد علی عزیز، میر رمضان، شہزاد قریشی، ملک شہزاد اعوان، ربستان خان، سید احمد، شاہ نواز جدون، محمد اسلم ابرو، شہریار خان، عدیل احمد، راجہ اظہر خان، ڈاکٹر سنجے گنگوانی، طاہرہ دعا بھٹو، سدرہ عمران، ڈاکٹر سیما ضیا، رابعہ اظفر شامل تھے۔

وی این ایس،اسلام آباد