پشاور، 16جون(اے پی پی): مردان ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے ایک روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا جس میں دیگر عوام کے علاوہ پولیس جوانوں نے بھی خون کے عطیات دیئے۔اس کیمپ کا اہتمام ضلعی انتظامیہ اور یوتھ ویلنٹیئر ٹاسک فورس کے باہمی تعاون سے کیا گیا تھا جس میں لگ بھگ 30کے قریب پولیس جوانوں اور طلباء نے خون کے عطیات دیئے۔

ٹاسک فورس کی کوارڈینٹر ماہ نور خان نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا بہت بڑے ثواب کا کام ہے کیونکہ انہی خون کے عطیات سے قیمتی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تھیلیسیمیا کے بچے ہمارے اور بھی خصوصی توجہ کے مستحق  ہیں ،ہمارے ہسپتالوں اور طبی اداروں کو خون کے عطیات کی اشد ضرورت ہے جس کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اوران کی تنظیم نے یہ  قدم اٹھایا۔

 بعدازاں ٹاسک فورس کی کوارڈینیٹر نے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کے والدین کو خون کے عطیات فراہم کئے جبکہ خون کے عطیات دینے والوں میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

وی این ایس ، پشاور