لاہور، جون 15(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لاہور میں کرونا کی وبا بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، یہ ایک وائرل انفیکشن ہے جس کے  پھیلاؤ  کو  روکنے کے لیے کوشش کی جا رہی  ہے۔ اس حوالے سے کل 12 بجے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں کو بند کر دیا جائے گا۔

 پیر کو  پریس بریفنگ دیتے ہوئے  وزیر صحت کا کہنا تھا کہ   لاہور  کے علاقے مزنگ، شاہدرہ، شاد باغ، ہربنس پورہ، علامہ اقبال ٹاؤن، کینٹ، گلبرگ، نشتر ٹاؤن کے ہاٹ سپاٹ ایریاز شامل ہیں، اس سلسلہ  میں پابندی کم سے کم 2 ہفتے کیلئے ہوگی جبکہ اشیا خوردونوش ، میڈیکل سٹورز سمیت  دددھ دہی کی دکانیں اور تندور کھلے رہیں گے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے علاقوں کو بھی سیل کیا جائے گا جبکہ صورتحال دیکھ کر علاقے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیر صحت پنجاب نے  بتایا کہ پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے ہیں ، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر پابندی سے کاربند رہیں  کیونکہ  ماسک پہن کر ہی  بیماری سے 50 فیصد بچا جاسکتا ہے۔

وی این ایس ،لاہور