اسلام آباد ، 17 جون (اے پی پی ):وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ   نے کہا  ہے کہ قربانی ایک مذہبی فریضہ ہے اور حکومت اس سلسلے میں ہرممکن سہولت کو یقینی بنائے گی،ا نتظامات کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کے حوالے سے وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق انتظامات کرنا ضروری ہیں۔

عیدالاضحیٰ پر قربانی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کی  صدارت  کرتے ہوئے  وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے واضح حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے،اس  حکمت عملی کو تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ترتیب دیاجائے گا۔

 اعجاز احمد شاہ   نے وزارت صحت کو بھی باقاعدہ ایس او پیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے  کہا کہ مویشی منڈیوں اور دیگر معاملات میں احتیاط کی بے حد ضرورت ہے، مویشیوں کے بیوپاریوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنانے کے ساتھ عوام کے تحفظ کو بنیادی ترجیح دی جائے گی اور اس سلسلے میں وزارت صحت واضح ہدایات دے تاکہ سب کے تحفظ کو یقینی بنایا   جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ  ہم علماء سے بھی اس سلسلے میں رہنمائی چاہتے ہیں تاکہ عوام کی حفاظت کی جاسکے اور کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری  اور معاون خصوصی  برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے۔

 

وی این ایس ، اسلام آباد