پشاور،12 جون(اے پی پی): انسپکٹرجنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی آج ایک روزہ دورے پربنوں پہنچے۔ ضلعی پولیس لائن پہنچنے پر ڈی آئی جی بنوں ریجن عبدالغفور آفریدی اور دیگر افسران نے آئی جی پی خیبرپختونخواکا پرتپاک استقبال کیا۔ بنوں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پی خیبرپختونخوا کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا نے یادگار شہداءپر حاضری دی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ دورے کے دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ثناءاللہ عباسی نے گرین پاکستان شجر کاری مہم کے تحت بنوں پولیس لائن میں پودا بھی لگایا۔

 اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈی آئی جی بنوں عبدالغفور آفریدی،  ڈی آئی جی سی ٹی ڈی طاہر ایوب، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈی پی او لکی مروت عبدالروف بابر، ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپو ر، ایس پی سپیشل برانچ توحید خان گنڈاپور، ایس پی سی ٹی ڈی بنوں شبیرحسین اور ایس پی انوسٹی گیشن اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی بنوں عبدالغفور آفریدی نے بنوں ریجن کے حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا کو علاقے کے کرائم ، ٹریفک اور دیگر مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بنوں پولیس نے فرنٹ لائن پولیس کا کردار ادا کرتے ہوئے لازوال قربانیاں دی ہیں جو تاریخ کے آئینہ میں سنہری الفاظ سے رقم ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ اس جنگ میں کانسٹیبل سے لیکر ایڈیشنل آئی جی پی رینک کے افسروں و جوانوں نے برابر قربانیاں دیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم پُر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ آئی جی پی نے بنوں پولیس کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور پولیس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کو اپنا اولین فرض سمجھ کر ڈیوٹی سرانجام دیں ۔ انشاءاللہ کامیابیاں اُن کے قدم چھومے گی۔

بعد ازاں صوبائی پولیس سربراہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے پچھلے دنوں دہشت گردوں کے خلاف بہترین کارکردگی پر بنوں پولیس، لکی پولیس اور سی ٹی ڈی پولیس کے 32 پولیس افسروں و جوانوں میں تعریفی اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔آئی جی پی نے انعام یافتہ گان کی جرات و بہادری کی تعریف کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو برﺅے کار لائیں گے اور فورس کی قدر و منزلت میں اضافہ کریں گے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی بنوں نے آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کو یادگاری سوینئیر پیش کیے۔

وی این ایس، پشاور