پشاور، 15جون(اے پی پی):  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے لوکل گورنمنٹ، الیکشن و دیہی ترقی کامران بنگش نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے وزیراعظم عمران خان کے اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے خیبرپختونخوا اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا ہے جو ایک لحاظ سے پاکستان تحریک انصاف کا عوام سے تبدیلی کا وعدہ تھا جو آج پورا ہوگیا۔

پیر  کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (یوڈا)  کے قیام کو سنگ میل قرار دیتے ہوئے کامران بنگش کا کہنا تھا کہ  پچھلے اٹھارہ سال سے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے حوالے سے کام سست روی کا شکار تھا لیکن وزیراعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں یوڈا پر کام تیز کیا گیا جس کو آج عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔

اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اہمیت و ضرورت پر بات کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آرڈیننس کے ذریعے اربن ایریاز ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی گئی جس سے خیبرپختونخوا میں موجود 09 ڈیولپمنٹ اتھارٹیز مزید فنکشنل ہو جائیں گے، کیونکہ موجودہ اربن ڈویلپمنٹ بورڈ کی وجہ سے مردان، صوابی، بنوں، کرک، کوہاٹ، گلیات ،سوات، پشاور  اتھارٹیز کی کارکردگی مفلوج ہو کر رہ گئی تھیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازی سے ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو با اختیار بنا رہے ہیں جس سے  ڈویلپمنٹ اتھارٹیز  ریونیو جنریشن، فیصلہ سازی سمیت ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات اٹھاسکیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی پاکستان ہاؤسنگ سوسائٹی منصوبے کے متعلق انہوں نے کہا کہ اب ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہاوسنگ سوسائٹیز کے حوالے سے منصوبے بنا سکیں گے جس سے عوام کو وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سستے گھر مہیا ہو سکیں گے۔

لوئر دیر اور کالام کے عوام کو خوشخبری دیتے ہوئے معاون بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ لوئر دیر اور کالام میں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کا قیام عمل میں لا رہے ہیں جس سے وہاں پر صحت و صفائی، نکاسی آب اور صاف پانی کی فراہمی بارے بہترین خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ پرفضا مقامات پر سیاحت کو بھی فروغ ملے گا جس سے نہ صرف خیبرپختونخوا کی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ عوام کو روزگار کے مواقع بھی مل سکیں گی۔

خیبرپختونخوا کے مختلف ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے ملازمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کامران بنگش نے کہا یوڈا کے قیام سے تقریبا 2000 ہزار ملازمین کو جاب سیکیورٹی فراہم ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 90 دن کے لئے ورک پلان بھی تیار ہے تاکہ قانون سازی کے ثمرات عوام تک جلد از جلد پہنچایا جا سکے۔

وی این ایس ، پشاور