|
جاں بحق ہونے والے کی تعدا د 10ہوگئی 15سے زائد زخمی |
|
|
|
مشرقی بائی پاس پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تعدا د 10ہوگئی 15سے زائد زخمی
کوئٹہ۔23مئی( اے پی پی)مشرقی بائی پاس پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی تعدا د 10ہوگئی جبکہ 15سے زائد زخمی ہیں۔پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح سول سیکرٹریٹ کی بس سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو لے کر شہر کی طرف آرہی تھی کہ مشرقی بائی پاس کے قریب واقع بھوسہ منڈی کے مقام پر رکشے میں نصب بم ریموٹ کنٹرول کے ذریعے دھماکے کے نتیجے میں 10سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ جن میںاسحاق،خان محمد،محمدایوب،سراج،طاہر،گل محمد،عبدالباقی،3اہلکاروں کے نام معلوم نہ ہوسکے۔جبکہ زخمیوںمیںرفیق،غلام سرور،ستار،رحمان،شہزاد،عبدالحق،میرعلی ،نوراحمد،صلاح الدین ،غلام حیدر،آصف سلطان،امیر بخش ،رفیق اوردونامعلوم اہلکار شامل ہیں ۔پولیس کے مطابق دھماکے میں سو کلو گرام بارود استعمال کیا گیا ۔دھماکے میں سول سیکرٹریٹ کی بس اور ایک پرائیوٹ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ ایک گاڑی کو نقصان پہنچا زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال اور سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا ۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔
|
|
صدرمملکت آصف علی زرداری کی کوئٹہ میں دھماکہ کی مذمت |
|
|
|
قوم ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ صدرمملکت آصف علی زرداری کی کوئٹہ میں دھماکہ کی مذمت
اسلام آباد ۔ 23مئی (اے پی پی) صدرمملکت آصف علی زرداری نے کوئٹہ میں دھماکہ کے واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے جس کے نتیجہ میں بس میں سوار سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور زخمی ہوئے۔صدرمملکت نے اسے ایک گھناﺅنی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پوری قوم ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے صوبائی حکام کو ہدایت کی کہ دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کو ہرممکنہ بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
|
|
|
چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ کا سینٹ کے اجلاس سے خطاب |
|
|
|
معاشی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کرینگے، معیشت، ثقافت، تعلیم، سیروسیاحت، زراعت اور علم و ادب سمیت تمام شعبوں میں روابط کو وسعت دی جائے گی، خود مختاری کے تحفظ، اقتصادی و سماجی ترقی، دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے چینی عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہیں گے
پاکستان کے عوام نے قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھرپور مقابلہ کر کے بار بار معجزے دکھائے،زلزلہ کے بعد مدد پر پاکستان کے ممنون ہیں
پاک چین دوستی کے فروغ کیلئے کام کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں
چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ کا سینٹ کے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ نے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور چین کے درمیان مزید قریبی تعلقات اور تعاون کی ضرورت ہے، پاکستان کے اقتدار اعلیٰ اور خود مختاری کے تحفظ، اقتصادی و سماجی ترقی، دہشت گردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کیلئے چینی عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہیں گے، شانے سے شانہ اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر تعلقات کو مضبوط بنائیں گے، معیشت، ثقافت، تعلیم، سیروسیاحت، زراعت اور علم و ادب سمیت تمام شعبوں میں روابط کو وسعت دی جائے گی، پاکستان کی معاشی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اس کی مدد کرینگے، ہمیں یکساں مقاصد کے حصول کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے۔ وہ جمعرات کو یہاں سینٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں پاکستان کے دورے کا موقع ملا ہے جس سے انہیں انتہائی مسرت اور خوشی ہو رہی ہے۔ چین کے عوام اور حکومت کی طرف سے پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے خصوصی جذبات اور نیک تمناﺅں کے اظہار کیلئے یہاں آیا ہوں۔ پاک چین دوستی کے فروغ کیلئے کام کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 1986ءمیں انہوں نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت انہوں نے مختلف شہروں اور دیہات میں پاکستانی دوستوں اور لوگوں سے ملاقات کی جس کے دوران انہیں پاک چین دوستی کی مضبوط بنیادوں کا پتہ چلا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 27 سال گزر چکے ہیں لیکن پاک چین دوستی زندہ باد کے جملے نے ان کے ذہن پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں اور وہ کبھی اس جملے کو بھلا نہیں پائے۔ چینی وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ایک بار پھر پاکستانی عوام کے دلوں میں چینی عوام کیلئے بھائی چارے کے جذبات کو محسوس کیا ہے اور مجھے اس بات کا احساس ہوا ہے کہ پاک چین تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں، پاکستان قدیم تاریخ اور شاندار ثقافت کا حامل عظیم ملک ہے۔ اس سرزمین نے قدیم تہذیب و تمدن کو جنم دیا۔ موہنجوداڑو کے کھنڈرات، پرشکوہ، قلعہ لاہور اور عظیم بادشاہی مسجد جیسی قدیم تاریخی عمارات سے پاکستان کی رنگا رنگ اور عظیم ثقافت کا اظہار ہوتا ہے۔
|
|
|
چینی وزیراعظم کا خطاب |
|
|
|
چینی وزیراعظم کا خطاب،ایوان بالا کے اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے
اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) ایوان بالا کے اجلاس کے باقاعدہ آغاز سے قبل دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ جمعرات کو سینٹ اجلاس میں چینی وزیراعظم چیئرمین سینٹ کے ہمراہ ہال میں داخل ہوئے تو تمام ارکان اور مہمان ان کے احترام میں کھڑے ہو گئے اور ارکان نے ڈیسک بجا کرا ن کا خیر مقدم کیا۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ پہلے مہمان وزیراعظم کے ملک کا ترانہ جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
|
|
|
صدرمملکت نےفاٹا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی |
|
|
صدرمملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو کی ایڈوائس پر ایف آر کوہاٹ میں فاٹا یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد ۔ 23مئی (اے پی پی) صدرمملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو کی ایڈوائس پر ایف آر کوہاٹ میں فاٹا یونیورسٹی کے قیام کیلئے ضابطے کی منظوری دیتے ہوئے اس پر دستخط کردیئے ہیں جس کا مقصد معیاری تعلیم کا فروغ اور علاقے کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔ صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نے 16 جنوری 2009ءکو فاٹا کے ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ ملاقات کے دوران فاٹا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا تاکہ علاقے کے باصلاحیت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرتے ہوئے قبائلی علاقے کے لوگوں کو قومی زندگی کے مرکزی دھارے میں لایا جاسکے۔ ترجمان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 247 کے تحت اس وقت تک پارلیمنٹ کا کوئی ایکٹ وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقہ جات یا اس کے کسی حصہ پر لاگو نہیں ہوگا جب تک کہ صدرمملکت اس کی ہدایت نہیں کرتے۔
|
|
|
چینی وزیراعظم نے خطاب میں شاہی قلعہ |
|
|
|
چینی وزیراعظم نے خطاب میں شاہی قلعہ ، گندھارا تہذیب کے اہم مراکز سمیت کئی تاریخی مقامات اور واقعات کے حوالے دیئے
اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے ایوان سے اپنے خطاب میں پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے نہایت گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور شاہی قلعہ لاہور، گندھارا تہذیب کے اہم مراکز سمیت کئی تاریخی مقامات اور واقعات کے حوالے دیئے۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس سے خطاب میں چینی وزیراعظم نے پاک چین دوستی کے تاریخی اور تہذیبی پہلوﺅں اور پاک چین دوستی کی تاریخ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور پاکستان اور چین کے عوام کو بھائی بھائی قرار دیتے ہوئے پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے نہایت گرمجوشی کا مظاہرہ کیا اور پا کستانیوں کی دل کھول کر تعریف کی۔ چینی وزیراعظم نے یہ بھی یاد دلایا کہ پی آئی اے نے سب سے پہلے چین کیلئے بین الاقوامی پرواز شروع کی۔
|
|
|
چینی وزیراعظم کا پاکستان میں چینی زبان کے فروغ |
|
|
|
چینی وزیراعظم کا پاکستان میں چینی زبان کے فروغ کیلئے ایک ہزار اساتذہ کو تربیت دینے ،اس مقصد کیلئے ادارے قائم کرنے کا اعلان
اسلام آباد ۔ 23 مئی (اے پی پی) چینی وزیراعظم نے پا کستان اور چین کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم اور عوام کے مابین رابطوں کو فروغ دینے کیلئے پاکستان میں چینی زبان کے فروغ کیلئے ایک ہزار اساتذہ کو تربیت دینے اور اس مقصد کیلئے ادارے قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس سے خطاب میں چینی وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان میں چینی زبان کی تربیت کیلئے ایک ہزار اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گا اور چینی زبان کی تعلیم کیلئے ادارے قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سو سو نوجوانوں کے باہمی دوروں کا اہتمام اور پاکستانی طلباءکی چین میں تعلیم کا خیر مقدم کیا جائے گا جبکہ چینی طلباءبھی یہاں تعلیم کیلئے آئیں گے اور اردو بھی سیکھیں گے۔
|
|
|
|
<< آغاز < پچھلا 1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 اگلا > اختتام >>
|
| نتائج 1 - 11 از 15008 |